Advertisement

کوہستان مالیاتی اسکینڈل، احتساب عدالت پشاورنے ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کی توثیق کردی

احتساب عدالت پشاور نے کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے متعدد ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات کی توثیق کر دی ہے۔

نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹرکے مطابق عدالت نے 6 نامزد ملزمان اور 2 بے نامی داروں کے اثاثے منجمد کرنے کے اقدام کو برقرار رکھا ہے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے نام پر غیر منقولہ جائیدادیں موجود ہیں جنہیں تحقیقات کے دوران منجمد کرنا ضروری تھا تاکہ ممکنہ مالی بے ضابطگیوں کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ قومی احتساب بیورو کے ڈائریکٹرجنرل نے 24 فروری کوان ملزمان کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے ڈی جی نیب کے احکامات کی توثیق کرتے ہوئے نیب کی درخواست منظورکرلی، پراسیکیوٹر کے مطابق عدالت کے فیصلے کے بعد مذکورہ اثاثے تحقیقات مکمل ہونے تک منجمد رہیں گے۔

یاد رہے کہ کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور نیب حکام اس کیس میں مزید شواہد اکٹھے کرنے اور ممکنہ مالی بے ضابطگیوں کی چھان بین کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے