آئی ایس پی آر کے مطابق 17 اور 18 نومبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ ’الخوارج‘ کے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے مطابق باجوڑ ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد جہنم واصل ہوا۔
اسی طرح مزید دو دہشت گرد شمالی وزیرستان کے عمومی علاقوں سپین وام اور ذاکر خیل میں آپریشن کے دوران مارے گئے جب کہ ایک اور مقابلہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آیا جہاں فورسز نے ایک اور دہشت گرد کو ٹھکانے لگا دیا۔
پاک فوج کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد حالیہ عرصے کے دوران ان علاقوں میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرست باقی دہشت گرد کے وجود کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
















Leave a Reply