Advertisement

وزیراعظم کا ملک بھر کے گھریلو صارفین کیلئے گیس کنیکشنز کھولنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آر ایل این جی سے گھریلو صارفین کو معیاری ایندھن کی فراہمی ممکن ہوگی، ملک بھر میں لاکھوں صارفین گیس کنکشنز کے منتظر ہیں، ہماری حکومت نے ملک میں بیس بیس گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھی حل کیا تھا، پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل (آر ایل این) گیس کے گھریلو کنکشنز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ، ارکان اسمبلی ، ایس این جی پی ایل و اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گیس کنکشنز کی فراہمی بہت بڑا عوامی مطالبہ تھا۔ 2022 میں حکومت سنبھالی تو گیس کنکشنز کی فراہمی کا بہت دباؤ تھا، سپلائی کم، مانگ زیادہ تھی، لاکھوں لوگ گیس کنکشنز کی فراہمی کیلئے انتطار میں تھے، جہاں پائپ لائنز بچھ چکی تھیں وہاں بھی گیس فراہمی ممکن نا تھی کیونکہ گیس موجود ہی نہیں تھی، ہم نے اس مسئلے پر توجہ دی۔

آج گھریلو صارفین کیلئے معیاری ایندھن دستیاب ہوگیا ہے، یہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے عوامی خدمت کے اقدامات کا ہی تسلسل ہے ، 2013 میں تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد انہوں نے ملک میں اٹھارہ اٹھارہ بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا تھا۔

آج گیس کا مسئلہ بھی مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم سمیت اتحادی جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم کی حکومت نے حل کیا ہے جس پر میں سب کو مبارک باد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں دن رات محنت کرنی ہے اور اپنے ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے