Advertisement

لاہورمیں ٹریفک جرمانوں میں بڑی کمی، شہریوں کیلئے ریلیف کا امکان

لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں میں نمایاں کمی کی تجویز سامنے آ گئی ہے، جس سے شہریوں کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق کمرشل وہیکل مالکان کیساتھ مذاکرات کے بعد ٹریفک پولیس نے مختلف کیٹگریز کے جرمانوں میں 100 سے 150 فیصد تک کمی کی سمری حکومت کو ارسال کر دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ٹریفک پولیس کی جانب سے جرمانوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، جس پر کمرشل گاڑی مالکان نے شدید احتجاج کیا تھا۔ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے جرمانوں پر ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت دی تھی، جس کے بعد نئی سمری تیار کی گئی ہے۔

سمری کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ کی سات مختلف کیٹگریز میں جرمانوں کو 100 فیصد تک کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، نئی سفارشات کے تحت موٹر سائیکل کا کم سے کم جرمانہ ایک ہزار جبکہ زیادہ سے زیادہ دو ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح موٹر کار اور موٹر جیپ (2000 سی سی تک) کے جرمانے تین ہزار سے پانچ ہزار روپے تک برقرار رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

لگژری گاڑیوں کی 13 کیٹگریز میں جرمانوں کو نمایاں طور پر کم کیا گیا ہے، جہاں پہلے پانچ ہزار سے بیس ہزار روپے تک جرمانے وصول کیے جا رہے تھے اب انہیں کم کرکے دو ہزار سے دس ہزار روپے تک لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

کمرشل گاڑیوں کے حوالے سے بھی اہم ریلیف تجویز کیا گیا ہے، موجودہ صورتحال میں ان سے دس ہزار سے بیس ہزار روپے تک جرمانے وصول کیے جا رہے تھے، تاہم نئی سمری میں کم سے کم دو ہزار اور زیادہ سے زیادہ دس ہزار روپے جرمانہ مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے ارسال کر دی گئی ہے اور منظوری کے بعد اسے کابینہ میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے حتمی منظوری کے بعد شہریوں کو باضابطہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے