ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنی جوہری صلاحیت کو توانائی کے حصول کے لیے استعمال کرنے کا مکمل حق رکھتا ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تہران میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیاروں میں دلچسپی نہیں رکھتا، تاہم اپنے قانونی اور خودمختار حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
اسماعیل بقائی نے خطے میں بیرونی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی قسم کی مداخلت قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہونے والے مذاکرات کا محورمکمل جنگ بندی ہوگا اور ایران اس حوالے سے سنجیدہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ امریکا کیساتھ دوبارہ مذاکرات کی فی الحال کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔
ترجمان کے مطابق امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ پاکستان کے ذریعے مسلسل جاری ہے اور اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد بھی یہ سلسلہ رکا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قوی امکان ہے کہ پاکستان کا ایک وفد آج تہران پہنچے گا جوجاری سفارتی عمل کا حصہ ہوگا اور امریکا کے پیغامات ایرانی حکام تک پہنچائے گا۔
اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز پرایران کے کنٹرول کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ ایران کی نگرانی میں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران خطے میں امن، استحکام اوراپنے مفادات کے تحفظ کے لیے متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
















Leave a Reply