Advertisement

برطانیہ اور یوکرین کے درمیان نیا دفاعی معاہدہ طے

برطانیہ اور یوکرین کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک نئے دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

مشترکہ بیان کے مطابق اس معاہدے کا مقصد جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور فوجی نظام میں جدت کو فروغ دینا اور مستقبل کے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم کیئراسٹارمر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع نے جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور فوجی جدت پسندی کی ضرورت کو مزید بڑھا دیا ہے، دفاعی نظام میں جدت نہ صرف قومی سلامتی بلکہ معاشی استحکام کیلئے بھی ناگزیر ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ اور اس کے اتحادی مستقبل میں درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں اور دفاعی شعبے میں قریبی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

دوسری جانب یوکرینی صدرولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین روزانہ تقریباً دو ہزار ڈرون انٹرسیپٹر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کے مطابق یوکرین ان میں سے نصف تعداد اپنے اتحادی ممالک کو فراہم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔

یوکرینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں اس وقت دو سو سے زائد یوکرینی ماہرین موجود ہیں جو مختلف تکنیکی اور دفاعی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے دفاعی معاہدے سے خطے میں سکیورٹی تعاون اور جدید دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے