Advertisement

ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی نئی فلم کی شوٹنگ مکمل، کب ریلیز ہوگی؟

فہد مصطفیٰ نے انسٹاگرام پر شوٹنگ مکمل ہونے کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فلم پر کئی ماہ کی محنت، لگن اور کہانی کو کیمرے میں قید کیا گیا ہے، اور اب ریلیز کے کاؤنٹ ڈاؤن کا آغاز ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق ناظرین کے لیے آگے مزید دلچسپ سرپرائزز بھی آنے والے ہیں۔

فلم کی تیاری میں باریک بینی سے منصوبہ بندی، تخلیقی سوچ اور بھرپور محنت شامل ہے، جو شائقین کو ایک معیاری اور متاثر کن سنیما تجربہ فراہم کرے گی۔

ذرائع کے مطابق فلم میں ماہرہ خان کا کردار کہانی کا اہم ستون ہے، جبکہ اس فلم کی تحریر اور ہدایت کاری بلال الطاف خان نے کی ہے، جو پاکستانی فلم انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے ہدایتکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اپنی منفرد کہانی کہنے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔

انڈسٹری سے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ یہ فلم عیدالاضحیٰ کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس کے باعث یہ 2026 کی سب سے بڑی ریلیزز میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔

فہد مصطفیٰ کی پوسٹ منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہونے لگا، جہاں مداحوں اور شوبز شخصیات نے کمنٹس کے ذریعے دونوں بڑے ستاروں کی جوڑی کو اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے تابی کا اظہار کیا۔

شائقین کا کہنا ہے کہ فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کا یہ اشتراک پاکستانی سنیما کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق فلم میں تابش ہاشمی بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے