Advertisement

عامر خان اپنی نقالی پر سنیل گروور کے گرویدہ ہوگئے

سنیل گروور کی یہ نقالی نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی بلکہ خود عامر خان کی توجہ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

حال ہی میں سنیل گروور نے دی گریٹ انڈین کپل شو میں شرکت کی، جہاں وہ عامر خان کے مخصوص انداز میں اسٹیج پر نمودار ہوئے۔ اس قسط میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے مہمان تھے، جبکہ سنیل گروور نے عامر خان کے حلیے میں آ کر ان کے بولنے کے انداز، باڈی لینگویج اور یہاں تک کہ چلنے کے انداز تک کی ایسی نقل کی کہ لمحہ بھر کو اصل اور نقل میں فرق کرنا مشکل ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو صارفین نے خوب سراہا اور اسے سنیل گروور کی بہترین پرفارمنس قرار دیا۔ تاہم سب سے دلچسپ ردِعمل خود عامر خان کی جانب سے سامنے آیا، جنہوں نے اس نقالی کو غیر معمولی اور شاندار قرار دیا۔

عامر خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس پرفارمنس کو محض مِمکری نہیں کہیں گے کیونکہ اداکاری اتنی حقیقی تھی کہ انہیں یوں لگا جیسے وہ خود کو دیکھ رہے ہوں۔ ان کے مطابق یہ محض نقل نہیں بلکہ ایک مکمل کردار نگاری تھی۔

عامر خان نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ابھی تک اس شو کا صرف ایک مختصر کلپ دیکھا ہے، مگر وہ پورا ایپی سوڈ دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مسٹر پرفیکشنسٹ کے بقول، کلپ دیکھ کر وہ اتنا ہنسے کہ کچھ لمحوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل ہوگیا تھا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے