Advertisement

ویڈیو: مشہور یوٹیوبر کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران مبینہ خودکشی کی کوشش، حالت تشویشناک

نئی دہلی(8 مارچ 2026): مشہور بھارتی یوٹیوبر  ‘UK07 Rider’ انوراگ ڈوبھال نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی ہے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوراگ ڈوبھال اتوار کے روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لائیو آئے جہاں وہ شدید ذہنی دباؤ اور جذباتی کیفیت میں نظر آئے۔ لائیو اسٹریمنگ کے دوران انہوں نے دہلی میرٹھ ایکسپریس وے پر اپنی گاڑی انتہائی تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے اسے ‘آخری ڈرائیو’ قرار دیا۔


انہوں نے روتے ہوئے اپنی والدہ سے معافی مانگی اور جذباتی پیغامات دیے، اس لائیو ویڈیو کے کچھ دیر بعد ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔



انوراگ ڈوبھال کے منیجر روہت پانڈے نے سوشل میڈیا پر اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انوراگ اس وقت آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔ منیجر نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انوراگ کی زندگی کے لیے دعا کریں اور کسی بھی قسم کی غیر تصدیق شدہ افواہ پھیلانے سے گریز کریں۔


واقعے سے قبل انوراگ نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے خاندان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ان کے والدین اور بھائی ان کی شادی (ریتیکا چوہان) کے فیصلے کے خلاف ہیں اور انہیں گزشتہ ایک سال سے ذہنی طور پر ہراساں کر رہے ہیں۔


انوراگ نے الزام لگایا کہ ان کی اہلیہ کو گھر میں داخل ہونے سے روکا گیا اور ان پر شدید خاندانی دباؤ ڈالا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے۔


دوسری جانب ان کے بھائی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے محض توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کے اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے