Advertisement

بھارتی اداکار بومن ایرانی کی ٹرمپ کے امن مذاکرات پر طنزیہ ویڈیو وائرل

بالی ووڈ کے معروف اداکار بومن ایرانی کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ امن مذاکرات سے متعلق ایک طنزیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

بومن ایرانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے نام میں “ایرانی” ہونے کے باعث ٹرمپ کے ایران کے ساتھ مذاکرات کو اپنے ساتھ اور دیگر ان افراد کے ساتھ جوڑا جن کے نام میں میں ایرانی شامل ہے، اور کہا کہ یہ سب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

اداکار نے کہا کہ چونکہ ٹرمپ ایرانیوں کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں، اس لیے وہ بھی اس مذاکرات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم، انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ واشنگٹن نہیں آ سکتے، اس لیے ٹرمپ اور ان کے وفد کو ان کے گھر آنا ہوگا۔

گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مہمانوں کی خاطر تواضع کریں گے، تاہم سہولت کے لیے وفد اپنے ساتھ ایک بڑا گیس سلنڈر بھی لے آئے۔

اداکار کے اس منفرد اور طنزیہ تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ متعدد صارفین نے ان کے مزاحیہ انداز کو سراہا اور اسے دلچسپ قرار دیا، جبکہ کچھ حلقوں نے اس پر تنقیدی ردِعمل بھی ظاہر کیا۔


واضح رہے کہ یہ ویڈیو ایسے وقت میں وائرل ہوئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور تعلقات سے متعلق خبریں عالمی سطح پر زیرِ بحث ہیں، جس کے باعث بومن ایرانی کا یہ تبصرہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے